ایک فیصد ارب پتی افراد دنیا کی 82 فیصد دولت کے مالک ہیں

برطانوی تنظیم ’’آکسفام‘‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سال 2017ء کے دوران محنت سے حاصل کیے گئے ہر 5 ڈالرز میں سے 4 دنیا کے ایک فیصد امیر افراد کی جیب میں گئے جبکہ نصف غریب آبادی کی دولت میں کوئی اضافہ نہ ہو سکا۔ برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سال 2017ء کے دوران ارب پتی بننے والے افراد کی تعداد تاریخ میں سب سے زیادہ رہی اور ایک فیصد امیر طبقے کی دولت میں گزشتہ سال سات سو باسٹھ ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ۔ یہ اتنی دولت ہے کہ دنیا سے انتہائی غربت کو 7 بار ختم کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کی نصف غریب آبادی یعنی 3 ارب 70 کروڑ افراد کی دولت میں گزشتہ سال کوئی اضافہ نہیں ہو سکا۔ ادارے کے مطابق اس دولت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ٹیکس چوری بھی ہے اور گزشتہ سال ایک فیصد طبقے نے تقریبا ًدو سو ارب ڈالرز کا ٹیکس بچایا۔ رپورٹ میں حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ٹیکس بچانے والے ممالک کے خلاف کارروائی کریں اور پیسے کو تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لیے نوکریوں پر خرچ کریں۔

Leave a comment