ترکی کا شام میں فوجی آپریشن

امریکہ نے شام میں دہشت گرد تنظیم ’’داعش‘‘ کے خلاف موثر کارروائی کرنے اور اس مقصد کے لئے ترکی میں برسر پیکار دہشت گرد تنظیم ’’پی کے کے‘‘ کی شام میں موجود ایکسٹینشن ’’پی وائی ڈی اور وائی پی جی‘‘ کو کچھ عرصے سے جدید اسلحے سے لیس کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔ ترکی نے اسے ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ امریکہ جلد ہی اپنی اس غلطی کا ازالہ کرے گا اور اپنے ستر سالہ اتحادی سے منہ نہیں موڑے گا۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق ’’وائی پی جی‘‘ کو مہیا کیا جانے والا ہر ایک ہتھیار ترکی کے لئے خطرہ ہے۔ ترکی کے صبر کا پیمانہ اس وقت لبریز ہو گیا جب شام میں امریکی دستوں کے کمانڈر کی جانب سے ترکی اور شام کی سرحدوں کے قریبی علاقے میں تیس ہزار کرد جنگجوئوں پر مشتمل ایک نئی سرحدی فورسSDF کی تشکیل دینےاورانہیں جلد ہی ٹریننگ دینے کا اعلان کیا جو جلتی پر تیل کا کام دے گئی.

ترک وزیر خارجہ مولو چاوش اولو نے فوری طور پر اپنے امریکی ہم منصب ٹِلرسن کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ایسا نہ کرنے اور دہشت گرد تنظیموں کو مسلح کرنے سے باز رہنے سے متنبہ کیا اور واضح طور پر علاقے میں ان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے تنہا ہی ہر ممکنہ کارروائی کرنے سے بھی آگاہ کر دیا جس پر ٹِلرسن نے چاوش اولو کو اخبارات کی خبروں پر یقین نہ کرنےاور کسی نئی سرحدی فوج کو تشکیل دینے کا کوئی ارادہ موجود نہ ہونے سے آگاہ کیا لیکن ترک وزیر خارجہ نے شام میں امریکی کمانڈر کا بیان ان کے سامنے رکھ دیا۔ اس صورتِ حال پر امریکی وزیر خارجہ نےحالات کا نئے سرے سے جائزہ لینے کی یقین دہانی کروائی۔ لیکن اس کے باوجود امریکہ نے اپنے پرانے اتحادی ترکی کی پروا کیے بغیر شام میں اپنی پالیسی جاری رکھی اور کئے گئے وعدوں کی پاسداری نہ کی۔

ترکی نے اس صورتِ حال پر کہا کہ ترکی شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کے حوالے سے امریکی یقین دہانی سے مطمئن نہیں اور اس نے تنگ آ کر 19 جنوری 2018 کو مقامی وقت کے مطابق رات سات بجے، شام کے ساتھ ملنے والے سرحدی شہر عفرین میں فضائی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اس فوجی آپریشن سے قبل ترک صدر ایردوان گزشتہ پندرہ دنوں سے اس بات کا برملا اظہار کرتے چلے آ رہے تھے کہ ’’ترک دستے اچانک شام میں داخل ہو سکتے ہیں‘‘۔ انہوں نے اس دوران روس اور ایران کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر رکھا تھا ۔ روس نے شام کی سرحدوں پر ترک طیاروں کی آمد روکنے کیلئےجدید ایس 400 اور ایس 500 قسم کے میزائل نصب کر رکھے ہیں اس لئے ترکی کو شام کے علاقے میں فضائی کارروائی کے لئے روس کی اجازت اور حمایت کی ضرورت تھی۔

اس مقصد کے لئے ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل حلوصی اقار اور خفیہ سروس MIT کے سربراہ حقان فدان نے ماسکو کا دورہ کیا اور روس کی مسلح افواج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقات کرتے ہوئے ترک طیاروں کو شام کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور عفرین پر بمباری کرنے کی اجازت حاصل کی۔ اسی طرح ترکی نے شام میں شامی انتظامیہ کا مکمل ساتھ دینے والے ملک ایران سے بھی قریب رابطہ قائم کیا اور عفرین میں فضائی اور بری کارروائی سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے فوجی آپریشن سے متعلق اجازت حاصل کی۔ ایران نے اگرچہ ترکی کو شام میں فوجی آپریشن کرنے کی اجازت تو دے دی ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا ہے۔ عفرین کے فوجی آپریشن سے قبل ترک وزارت خارجہ میں روس، ایران ، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور چین کے علاوہ شام کے ہمسایہ ممالک کے سفیروں کو مدعو کرتے ہوئے عفرین میں شروع کئے جانے والے فوجی آپریشن سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔

شام کے شہر عفرین جس پر کرد دہشت گرد تنظیموں ’’پی وائی ڈی اور وائی پی جی‘‘ نے امریکہ کی مدد سے 2012 سے سے قبضہ کر رکھا ہے علاقے میں مزید پیش قدمی کو روکنے کے لئے ترکی کے لئے ضروری ہو گیا تھا کہ وہ آپریشن کرے۔ اس لئے ترک مسلح افواج نے کرد دہشت گردف تنظیموں کے تین گروپوں کو نشانہ بنایا۔ صدر ایردوان نے اس فوجی آپریشن کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’’عفرین میں ’’شاخِ زیتون‘‘ فوجی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اگلی باری منبج کی ہو گی۔‘‘ منبج شام کا ترکی کے ساتھ سرحد کے قریب ایک دوسرا شہر ہے، جو دہشت گرد تنظیموں کے کنٹرول میں ہے اور عفرین سے مشرق کی جانب واقع ہے۔

ترک صدر ایردوان نے مزید کہا ہے کہ ’’عفرین میں دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرتے ہوئے آپریشن کو جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا ۔ ہم تنہا نہیں ہیں بلکہ ہمیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی دعائیں حاصل ہیں اور ہم اس علاقے کو دہشت گردی سے پاک کرتے ہوئے اس کے باسیوں کے حوالے کر دیں گے۔ دہشت گرد تنظیمیں اس زعم میں نہ رہیں کہ انہیں امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے اور ترکی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔‘‘ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے عفرین میں شروع کردہ فوجی آپریشن کے بارے میں کہا کہ کرد دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری ملکی فوج کی کارروائی کے دوران ترک دستے شام میں داخل ہو گئے۔ ترک فورسز نے  پیپلز پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی) کے خلاف شام کے وقت فضائی کارروائی شروع کی تھی۔ ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے استنبول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترکی افواج عالمی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجکر پانچ منٹ پر عفرین ریجن میں داخل ہوئیں اور اس کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کو ترک سرحد سے تیس کلو میٹر دور دھکیلنا ہے تاکہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر ایک سیکورٹی زون قیام کیا جا سکے۔

ترک فضائیہ نے علاقے میں تا دمِ تحریر 153 ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ فضائی آپریشن کے آغاز کے موقع پر ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل حلوصی اقار نے مسلح ہیڈکوارٹر میں بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہان کے ہمراہ آپریشن سے متعلق معلومات فراہم کیں اور بری فوج کے آپریشن شروع ہونے کے موقع پر سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل حلوصی اقار نے امریکہ کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل جوزف ڈونفورڈ اور روسی فوج کے سربراہ جنرل ویلری گراسیموف کو فوجی آپریشن سے متعلق معلومات دیں جس پر روسی فوج کے سربراہ نے علاقے سے روسی فوجیوں کے انخلا سے آگاہ کیا۔

اسی دوران ترک وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو بھی اس کے چارٹرڈ اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ترکی کو حاصل حقوق کی روشنی میں فوجی آپریشن کے آغاز کا بتایا۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ ہر ملک کو اپنے دفاع کا پورا پورا حق حاصل ہے جبکہ فرانس کے وزیر خارجہ نے شام کے علاقے عفرین میں ترکی کی اس فوجی کارروائی کے خلاف ایک قرارداد پیش کی جس پر ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس قرار داد کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کرنے سے یہ بات ظاہر ہو جاتی ہے کہ فرانس ترکی کے مخالف گروپ میں ہے۔ ترکی نے عفرین فوجی آپریشن کے دوران مقامی سطح پر تیار فوجی سازو سامان ہی زیادہ تر استعمال کیا ہے تاکہ امریکہ یا پھر مغربی ممالک کا فوجی سازو سامان استعمال کرنے سے کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈاکٹر فر قان حمید

ترک فوج شامی صوبے ادلب ميں داخل

پچھلے دنوں ترکی، روس اور ايران کی ثالثی ميں شام ميں ’ڈی اسکليشن زونز‘ کے قيام کے سلسلے ميں طے پانے والے سمجھوتے کے تحت ترک افواج شام کے شمال مغربی صوبے ادلب ميں داخل ہو گئی ہيں۔ ترک افواج کا ايک قافلہ جہاديوں کے زير کنٹرول شامی صوبے ادلب ميں داخل ہو گيا ہے۔ اس پيش رفت کی تصديق شامی امور پر نگاہ رکھنے والے مبصر ادارے سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس نے کر دی ہے۔ يہ فوجی قافلہ اب حلب کے مغربی حصے کی جانب گامزن ہے۔ تاحال يہ واضح نہيں کہ یہ قافلہ کتنا بڑا ہے اور اس بارے ميں ابھی تک انقرہ نے بھی باقاعدہ کوئی بيان جاری نہيں کيا ہے۔ قبل ازيں اسی ہفتے کے آغاز پر ترک فوج نے اپنے ايک بيان کے ذريعے مطلع کيا تھا کہ ادلب ميں آپريشن کے ليے چيک پوسٹيں تعمير کی جائيں گی۔

پچھلے ہفتے ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے بھی کہا تھا کہ ترک افواج کی حمايت سے شام ميں سرگرم ترکی نواز باغی ’حيات تحرير الشام‘ نامی جہادی اتحاد کے خلاف عسکری مہم کی قيادت کريں گے۔ يہ آپريشن در اصل ايران، روس اور ترکی کی ان کوششوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد آستانہ مذاکراتی امن عمل کے تحت شام ميں ’تشدد ميں کمی‘ کے ليے مخصوص علاقوں کا قيام ہے۔ امن عمل کا طويل المدتی مقصد شام ميں قيام امن ہے تاہم ابتدائی طور پر اس جنگ زدہ ملک ميں چار ’ڈی اسکليشن زونز‘ کے قيام پر اتفاق ہوا تھا۔ اس سلسلے ميں تين ’ڈی اسکليشن زونز‘ پہلے ہی مقرر کيے جا چکے ہيں، جن ميں سے ايک دارالحکومت دمشق کے پاس، دوسرا وسطی حمص ميں اور تيسرا جنوبی شام ميں واقع ہے۔ ان زونز کی نگرانی روسی ملٹری پوليس کے سپرد ہے۔ ادلب صوبے ميں اکثريتی علاقوں پر ’حيات تحرير الشام‘ کا کنٹرول ہے۔