ایٹمی ہتھیاروں کا بٹن میری میز پر ہے، کم جونگ ان

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کا بٹن ان کی میز پر ہے۔ سال نو کے آغاز پر اپنے خطاب میں کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ پورا امریکا ہمارے ایٹمی ہتھیاروں کی پہنچ میں ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا بٹن دفتر میں ہمیشہ میرے قریب ہوتا ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ یہ محض ایک دھمکی نہیں بلکہ اٹل حقیقت ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما نے کہا کہ ان کا ملک ایک ذمے دار جوہری ملک ہے جو امن سے محبت کرتا ہے اور یہ تب تک ہے جب تک اس پر کوئی جارحیت نہیں کرتا۔ کم جونگ ان نے اعلان کیا کہ ان کا ملک جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل کی پیداوارمیں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو ایٹمی جنگ کی صورت میں جواب دینے کے لیے ملک کو تیار رہنے کی ضرورت ہے، ایٹمی ہتھیاروں کی تحقیق اور راکٹ انجینئرنگ کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

عدنان تابش

ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما کا ایک مرتبہ پھر مذاق اڑایا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کا ایک مرتبہ پھرمذاق اڑایا ہے۔ اس مرتبہ ٹرمپ نے کمیونسٹ ملک کے لیڈر کے قد اور وزن کو نشانہ بنایا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کا مذاق اڑانے میں ایک نئی حد کو چھُوا ہے۔ اس مرتبہ انہوں نے شمالی کوریائی رہنما کے قد اور وزن کو خاص طور پر نشانہ بنایا۔ قبل ازیں ٹرمپ نے اُن کو ’راکٹ مین‘ اور میڈ مین یا پاگل تک کہہ چکے ہیں۔ شمالی کوریا میڈیا پر ٹرمپ کو ’بوڑھا پاگل‘ قرار دیا تھا اور ٹرمپ کے یہ تازہ استہزائیہ کلمات اسی کے جواب میں سامنے آئے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کِم جونگ اُن نے انہیں بوڑھا قرار دے کر اُن کی بے عزتی کی ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے کبھی بھی شمالی کوریائی لیڈر کو موٹا اور چھوٹا نہیں کہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی ٹویٹ کیا کہ وہ خاصی کوشش کے باوجود کِم جونگ اُن سے دوستانہ تعلقات استوار نہیں کر سکے اور شاید مستقبل میں ایسا ممکن ہو جائے۔ ویتنامی دارالحکومت ہنوئی میں ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اُن کی شمالی کوریائی لیڈر سے دوستی ہو جائے تو یہ یقینی طور پر شمالی کوریا اور وہاں کی عوام کے لیے بہت بہتر ہو گا۔ کم جونگ اُن کو راکٹ مین اور پاگل قرار دینے کے جواب میں شمالی کوریا نے بھی امریکی صدر پر شدید انداز میں جوابی وار کیے تھے۔ شمالی کوریا نے امریکی صدر کو ماؤف الذہن قرار دیا تھا۔

شمالی کوریا کو دھمکیاں دینے والے ٹرمپ نے یوٹرن لے لیا

شمالی کوریا کو دھمکیاں دینے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوٹرن لے لیا۔
سیول پہنچنے پر ایک بیان میں امریکی صدر نے شمالی کوریا کو مذاکرات کی دعوت دیدی اور کہا کہ دعا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف کبھی طاقت کا ستعمال نہ کرنا پڑے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا نیوکلیئر ہتھیاروں اور میزائل پروگرام پر امریکا سے بات کرے۔

ایٹمی جنگ کسی بھی لمحے چھِڑ سکتی ہے

اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نائب سفیر نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ جزیرہ نما کوریا کی صورتحال ’’ایک ایسے مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں ایٹمی جنگ کسی بھی لمحے چھِڑ سکتی ہے۔‘‘ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نائب سفارت کار کِم اِن ریونگ نے اس عالمی ادارے کی تخفیف اسلحہ کمیٹی کو بتایا کہ شمالی کوریا ’’جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے اور پوری دنیا سے جوہری ہتھیار ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے‘‘، مگر وہ امریکی دھمکیوں کے باعث جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدے پر دستخط نہیں کر سکتا۔

کِم کا مزید کہنا تھا، ’’دنیا میں کوئی اور ملک ایسا نہیں ہے جسے اتنے طویل عرصے سے امریکا کی طرف سے اس قدر شدید اور مسلسل جوہری دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ ا ہو۔‘‘ شمالی کوریا کے اس سفارت کار نے متنبہ کیا کہ امریکا ’’شمالی کوریا کی فائرنگ رینج میں ہے اور اگر امریکا نے ہماری مقدس سر زمین کے ایک بھی انچ پر حملہ کیا تو وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہماری شدید سزا سے بچ نہیں پائے گا‘‘۔ امریکی سیکرٹری خارجہ ریکس ٹِلرسن نے امریکی ٹیلی وژن سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے بحران کو سفارتی ذریعے سے حل کرنے کی کوششیں ’’اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پہلا بم گِر نہیں جاتا‘‘۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی سربراہ کِم جونگ اُن کے درمیان لفظوں کی جنگ شروع ہونے اور ایک دوسرے کو تباہ کر دینے کی دھمکیوں کے بعد جزیرہ نما کوریا میں حالیہ چند ماہ کے دوران تناؤ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
پیونگ یانگ اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ برس سے اب تک مختلف بیلسٹک میزائل تجربات کے علاوہ دو جوہری تجربات بھی کر چکا ہے۔ ستمبر میں شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے چھٹے جوہری دھماکے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس کمیونسٹ ریاست کے خلاف پابندیاں مزید سخت کر دی تھیں۔

شمالی کوریا کے ہیکروں نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے جنگی منصوبے چوری کر لیے

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے جنوبی کوریا کے فوجی دستاویزات کی ایک بڑی تعداد چوری کر لی ہے جس میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو قتل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ جنوبی کوریا کے ایک قانون ساز ری چول ہی کا کہنا ہے کہ چوری کی جانے والی معلومات وزارتِ دفاع سے متعلق ہیں۔ چوری کی جانے والی دستاویزات میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی جانب سے جنگ سے متعلق تیار کیے جانے والےمنصوبے بھی شامل ہیں۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے ان الزامات پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان دستاویزات میں جنوبی کوریا کی خصوصی افواج کے منصوبوں تک رسائی حاصل کی گئی جن میں اہم پاور پلانٹس اور فوجی تنصیبات کے بارے میں معلومات بھی شامل تھیں۔ ری چول کے مطابق جنوبی کوریا کے دفاعی ڈیٹا سینٹر سے 235 گیگا بائٹس فوجی دستاویزات چوری کی گئیں اور ان میں سے 80 فیصد کی ابھی تک شناخت نہیں کی گئی ہے۔ یہ دستاویزات گذشہ سال ستمبر میں ہیک کی گئیں۔ جنوبی کوریا نے مئی میں کہا تھا کہ ان کا بڑی مقدار میں ڈیٹا چرایا گیا تھا اور شاید شمالی کوریا نے اس سائیبر حملے کی ترغیب دی ہو تاہم اس نے اس کی تفصیل نہیں بتائی تھی۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

جنوبی کوریا کے ریاستی خبر رساں ادارے ہونہاپ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیئول حالیہ برسوں میں اپنے کیمونسٹ ہمسائے کی جانب سے سائیبر حملوں کا شکار رہا ہے جس میں سرکاری ویب سائٹس اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا پر ‘من گھڑت دعوے’ عائد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ شمالی کوریا نے حال ہی میں ہائیڈروجن بم کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا تھا جسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پر رکھ کر لانچ کیا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر میں اقوامِ متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے شمالی کوریا کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی اور ملک کے سربراہ کم جونگ ان کو ‘راکٹ مین’ کہہ کر پکارا تھا اور کہا تھا کہ وہ خودکش مشن پر ہیں۔ اس کے جواب میں کم جونگ ان نے کہا تھا کہ وہ ‘سٹھیائے ہوئے دماغی مریض امریکی کو آگ سے سدھائیں گے۔’

بشکریہ بی بی سی اردو

ٹرمپ تیسری عالمی جنگ کی راہ پر گامزن ہیں، امریکی سینیٹر

امریکی سینیٹ میں خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے چیئرمین نے خبردار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا کئی دیگر ممالک کے خلاف اختیار کردہ دھمکی آمیز رویہ امریکا کو ’تیسری عالمی جنگ‘ کی جانب دھکیل سکتا ہے۔ امریکا میں طاقتور سمجھی جانے والی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ اور صدر ٹرمپ ہی کی ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اہم سیاست دان بوب کورکر نے ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغامات میں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ممالک کے خلاف اختیار کردہ دھمکی آمیز لہجہ امریکا کو تیسری عالمی جنگ کی جانب دھکیل سکتا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کورکر نے الزام لگایا کہ صدر ٹرمپ اپنے دفتر کے امور کو کسی ’ریئیلٹی شو‘ کی طرح چلا رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے مابین سوشل میڈیا پر جاری نوک جھونک کے بعد بوب کورکر کا اپنی ہی پارٹی کے منتخب کردہ صدر کے خلاف عوامی سطح پر سامنے آنے والے ردِ عمل کے بعد صدر ٹرمپ کے لیے سینیٹ سے ایران کی جوہری ڈیل اور ٹیکس اصلاحات سے متعلق بل پاس کروانے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔
ریپبلکن پارٹی ہی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ اور کورکر کے مابین سوشل میڈیا پر نوک جھونک کا آغاز ٹرمپ کی ایک ٹویٹ کے بعد ہوا جس میں انہوں نے کورکر کے بارے میں کہا تھا کہ ان میں دوبارہ انتخاب لڑنے کی ’ہمت‘ نہیں ہے۔

جواب میں کورکر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وائٹ ہاؤس ’بالغوں کا ڈے کیئر سینٹر‘ بن چکا ہے۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر کئی پیغامات لکھے جن میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ کورکر ملکی وزیر خارجہ بننے کے خواہش مند تھے تاہم صدر ٹرمپ نے ان کی درخواست رد کر دی تھی۔ علاوہ ازیں ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورکر ’ایران کے ساتھ بُری جوہری ڈیل‘ طے کرانے کے بھی ذمہ دار ہیں۔ بیس جنوری کو اپنی حلف برداری کے بعد ٹرمپ نے جو خطاب کیا، وہ اُن کی انتخابی مہم ہی کا ایک حصہ معلوم ہوتا تھا۔ اُنہوں نے بڑے جارحانہ انداز میں ’امریکا پہلے‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے واضح کیا کہ اُن کی نئی پالیسیاں کس سمت میں جائیں گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں برسوں سے ایک ’قتلِ عام‘ جاری ہے، جسے اب ختم ہونا ہو گا۔ دنیا انگشت بدنداں ہے کہ یہ لیڈر آخر کیا کرنے والا ہے۔

بعد ازاں نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کورکر کا کہنا تھا، ’’مجھے صدر ٹرمپ کے بارے میں خدشات ہیں، صرف مجھے ہی نہیں ملک کا خیال رکھنے والے ہر شخص کو ٹرمپ کے بارے میں خدشات ہونا چاہییں۔‘‘ ریپبلکن پارٹی میں روشن خیال سمجھے جانے والے کورکر نے صدارتی انتخاب کی دوڑ میں ٹرمپ کی حمایت کی تھی تاہم گزشتہ ہفتے انہوں نے صدر ٹرمپ کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو حکام بالا سے ویسی حمایت نہیں مل رہی جیسی کہ اس وقت انہیں ملنا چاہیے۔ ٹلرسن گزشتہ ہفتے ہی اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ امریکا شمالی کوریا کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہے، اس کے بعد ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’ٹلرسن مذاکرات کی کوشش کر کے اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔

بشکریہ DW اردو

شمالی کوریا نے وائٹ ہاﺅس پر میزائل برسانے کی تیاری مکمل کر لی

شمالی کوریا کے مختلف شہروں میں امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پوسٹرز آویزاں کردیئے گئے ہیں جن پر امریکا سے فیصلہ کن جنگ اور امریکی ایوانِ صدر یعنی وائٹ ہاس پر میزائلوں کی بارش برسانے کا واضح عندیہ دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پوسٹرز پر لکھا ہے کہ شمالی کوریا پر جنگ مسلط کر دی گئی ہے اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی تیاری کیجیے۔

پوسٹرز میں شمالی کوریا کی حکومت نے اپنے شہریوں کو زندہ جلاتے ہوئے اور کم عمر لوگوں کو کنویں میں پھینکتے ہوئے دکھایا ہے۔ شمالی کوریا کے مختلف شہروں میں لگائے گئے ان پوسٹرز میں صاف لکھا ہوا ہے کہ امریکا سے عظیم اور فیصلہ کن جنگ ہونے والی ہے جس میں وائٹ ہاس پر میزائلوں کی بارش کی جائے گی۔ پوسٹروں میں 1950 کی دہائی میں جنگ کے دوران امریکی جارحیت اور امریکی مظالم کی منظر کشی بھی کی گئی ہے۔

امریکی لڑاکا طیاروں کی شمالی کوریا کے ساحل کے قریب پروازیں

امریکہ کے بمبار اور دیگر لڑاکا طیاروں نے شمالی کوریا کے خلاف طاقت کے مظاہرے کے لیے اس کے ساحل کے قریب واقع بین الاقومی فضائی حدود میں پروازیں کی ہیں۔ اس اقدام کی وجہ سے جزیرہ نما کوریا میں تناؤ میں مزید شدت آ گئی ہے۔ دوسری طرف شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے۔ حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا جس کی وجہ سے خطے میں فوجی تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بیانات ایک ایسے وقت سامنے آئے جب پیانگ یانگ نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ بحرالکاہل میں ہائیڈروجن بم کا تجربہ کر سکتا ہے۔ امریکہ کے بمبار طیارے قبل ازیں بھی ایسی پروازیں کر چکے ہیں جب کہ امریکہ اور بین الاقوامی برادری شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے۔ پینٹاگان نے کہا ہے کہ امریکہ کے بمبار اور لڑاکا طیاروں نے جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان واقع غیر فوجی علاقے سے بہت دور شمال میں پراوز کی۔

ٹرمپ ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار اور خودکش مشن پر ہیں

امریکہ کے محکمۂ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی بمبار طیاروں نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے شمالی کوریا کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں نے یہ پروازیں شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد سے کافی دور شمال میں کی ہیں ۔  پینٹاگون کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ مشن امریکی ارادے کا ثبوت ہے اور واضح پیغام ہے کہ صدر( ٹرمپ) کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد فوجی راستے موجود ہیں۔ ‘ہم امریکی سرزمین اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

دوسری جانب شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ’خودکش مشن’ پر ہیں۔ شمالی کوریا وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کی جنرل اسمبلی میں کئی گئی تقریر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ مسٹر ٹرمپ جو ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان پر طاقت کا خبط سوار ہے اور وہ اس ناقابل واپس غلطی کو ناگزیر بنا رہے ہیں کہ شمالی کوریا امریکی سرزمین کو راکٹوں سے نشانہ بنا سکتا ہے۔’ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ ‘راکٹ مین خود کش مشن پر ہے’۔

شمالی کوریا وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے کہا ہے کہ مسٹر ٹرمپ کو اپنی تقریر کی قیمت چکانا ہو گی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کو دفاع کر ضرورت پیش آئی تو وہ شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔
اس سے پہلے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ ’بوکھلاہت کے شکار‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد انھیں یقین ہو گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے لیے ہتھیار بنانے کے معاملے میں صحیح ہیں۔ سرکاری میڈیا کے ذریعے ایک غیر معمولی بیان میں شمالی کوریا کے رہنما نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو اقوام متحدہ میں اپنے حالیہ خطاب پر ‘بھاری قیمت’ چکانی پڑے گی۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ہونہاپ کے مطابق کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی صدر کے بیان کے بعد مجھے یقین ہو گیا ہے کہ میں نے خوفزدہ یا رکنے کی بجائے، جو راستہ منتخب کیا وہ درست ہے اور اسی پر چلنا ہے۔‘

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ایک نئے حکم نامے پر دستخط کیے جس سے اس پر عائد کی جانے والی پابندیوں کو مزید تقویت ملے گی۔ اس حکم نامے سے امریکی محکمۂ خزانہ کو ایسی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنانے کا اختیار مل گیا ہے جن کے شمالی کوریا کے ساتھ کاروباری تعلقات ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کے مرکزی بینک نے بھی چین کے دوسرے بینکوں کو پیانگ یانگ کے ساتھ کاروبار روکنے کے لیے کہا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کے مسلسل تجربات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدیگی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو

امریکہ کو آگ سے جواب دیں گے : کم جونگ ان

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ ’بوکھلاہت کے شکار‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد انھیں یقین ہو گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے لیے ہتھیار بنانے کے معاملے میں صحیح ہیں۔ سرکاری میڈیا کے ذریعے ایک غیر معمولی بیان میں شمالی کوریا کے رہنما نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو اقوام متحدہ میں اپنے حالیہ خطاب پر ‘بھاری قیمت’ چکانی پڑے گی۔ خیال رہے کہ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’اگر امریکہ کو دفاع پر مجبور کیا گیا تو وہ شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔‘ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ہونہاپ کے مطابق کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی صدر کے بیان کے بعد مجھے یقین ہو گیا ہے کہ میں نے خوفزدہ یا رکنے کی بجائے، جو راستہ منتخب کیا وہ درست ہے اور اسی پر چلنا ہے۔‘

انھوں نے کہا: ‘ٹرمپ نے پوری دنیا کے سامنے میری اور میرے ملک کی توہین کرتے ہوئے جنگ کی تاریخ کا سفاک ترین اعلامیہ جاری کیا ہے اور اس کے لیے امریکہ کو قیمت چکانا پڑے گی۔’ کم جونگ ان نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں یقیناً ذہنی طور پر بوکھلاہٹ کا شکار اور احمق امریکہ کو آگ سے جواب دوں گا۔’ خیال رہے کہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے اسے( امریکہ) کو اپنے دفاع پر مجبور کیا تو امریکہ اسے تباہ کر دے گا۔ صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ ‘راکٹ مین خود کش مشن پر ہے۔’

امریکی صدر کے اس بیان کے بعد شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ کہاوت ہے نا کہ کتے بھونکتے رہتے ہیں مگر قافلے چلتے رہتے ہیں۔’ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر کا خیال ہے کہ ‘وہ ہمیں بھونکتے ہوئے کتے کی آواز سے پریشان کر سکتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔’ شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ ری یونگ ہو نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ان کا ملک امریکی دھمکی کے جواب میں ہائیڈروجن بم ٹیسٹ کر سکتا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری ایجنسی ہونہاپ کے مطابق ری یونگ ہو کا کہنا تھا ‘یہ بحرالکاہل میں ہائیڈروجن بم کا سب سے طاقتور دھماکہ ہو سکتا ہے۔’

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ایک نئے حکم نامے پر دستخط کیے جس سے اس پر عائد کی جانے والی پابندیوں کو مزید تقویت ملے گی۔ اس حکم نامے سے امریکی محکمۂ خزانہ کو ایسی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنانے کا اختیار مل گیا ہے جن کے شمالی کوریا کے ساتھ کاروباری تعلقات ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کے مرکزی بینک نے بھی چین کے دوسرے بینکوں کو پیانگ یانگ کے ساتھ کاروبار روکنے کے لیے کہا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کے مسلسل تجربات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدیگی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ‘یہ اقدامات آمدن کے ان ذرائع کو ختم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں جو شمالی کوریا کو مہلک ہتھیار بنانے کے لیے رقم مہیا کرتے ہیں۔’ ٹرمپ کا اشارہ شمالی کوریا کی ٹیکسٹائل، ماہی گیری، آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی جانب تھا۔ انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو طویل عرصے تک بین الاقوامی مالیاتی نظام کے تحت اس کے جوہری ہتھیار اور میزائل پروگراموں کے لیے فنڈز کی بے جا سہولت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی۔’ امریکی صدر نے زور دیا کہ ‘یہ پابندیاں صرف ایک ملک پر لگائی گئی ہیں اور وہ شمالی کوریا ہے۔’

بشکریہ بی بی سی اردو